امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے خبردار کیا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو نومبر کے وسط میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیا جائے گا۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے جبکہ مافیاز کے منافع میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئل ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے منافع اور مارجن میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمان کے مطابق حکومت نے احتجاج کے بعد پیٹرولیم قیمتوں میں کچھ ریلیف دیا، تاہم یہ کافی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزرا نے جماعت اسلامی کی کمیٹی سے دوبارہ رابطہ کیا ہے، جبکہ وزیراعظم سے ملاقات میں پیش رفت ہوئی تو وہ اہم اعلان کریں گے۔ انہوں نے سود کے خاتمے اور پالیسی ریٹ میں کمی کا بھی مطالبہ کیا۔
جماعت اسلامی کے امیر نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا اور ایمرجنسی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
فلسطین کی صورتِ حال پر حافظ نعیم الرحمان نے غزہ میں غذائی قلت اور تباہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسلم ممالک اور عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کی مدد اور جنگ کے خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔