’’نعتیہ کلام ہمارے لیے انتہائی احترام اور عقیدت کا مقام رکھتا ہے۔ اسے فیشن شو میں رقص کے لیے استعمال کرنا مناسب نہیں۔ ایسے مقدس کلام کی اہمیت اور اس سے وابستہ مذہبی جذبات کا خیال رکھنا چاہیے۔‘‘
پاکستانی اداکارہ مشی خان نے لاہور میں منعقدہ لام فیشن ویک سیزن 2 کے دوران نعتیہ کلام کے استعمال پر اعتراض کرتے ہوئے اداکارہ عفت عمر کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
مشی خان نے فیشن شو میں عفت عمر کے رقص پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ نعتیہ شاعری مذہبی عقیدت اور احترام سے وابستہ ہوتی ہے، اس لیے اسے تفریحی سرگرمیوں میں استعمال کرتے وقت اس کی حرمت کا خیال رکھنا ضروری ہے۔
دوسری جانب عفت عمر کی اسی تقریب سے ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ معروف فیشن ڈیزائنر نیلوفر شاہد کے ہمراہ اسٹیج پر موجود دکھائی دیتی ہیں۔
تقریب کے دوران عفت عمر سنہری ساڑھی پہنے خوشی کا اظہار کر رہی تھیں کہ اچانک پارٹی پاپر سے نکلنے والا سنہری کاغذ ان کی ناک پر چپک گیا۔ اداکارہ کچھ دیر تک اس بات سے بے خبر رہیں اور اپنے انداز میں تقریب سے لطف اندوز ہوتی رہیں۔
ناک پر چپکا ہوا سنہری ٹکڑا ان کے لباس سے ملتی جلتی بڑی نتھ جیسا دکھائی دے رہا تھا۔ بعد میں جب عفت عمر کو اس کا احساس ہوا تو انہوں نے اسے آہستگی سے ہٹا دیا۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اس دلچسپ واقعے پر مزاحیہ تبصرے کیے، جبکہ مشی خان کے اعتراض کے بعد تقریب میں نعتیہ کلام کے استعمال سے متعلق بھی گفتگو شروع ہوگئی۔
اس معاملے پر صارفین کی مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں اور فیشن شوز میں مذہبی کلام کے استعمال اور اس کے احترام سے متعلق سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔