پاکستان کی سابقہ اداکارہ کومل عزیز خان نے شوبز انڈسٹری سے مستقل طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ تقریباً 5 سال پہلے ہی کرلیا تھا، تاہم غیر ضروری میڈیا کی توجہ سے بچنے اور شوبز سے باہر اپنی الگ شناخت کے ساتھ کامیاب کاروبار کی بنیاد رکھنے کا جائزہ لینے کے لیے اس اعلان میں تاخیر کی گئی۔
کومل عزیز خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 سال کے دوران انہوں نے شہرت سے دور رہ کر اپنی ذات پر توجہ دی، زندگی کی نئی سمت کا انتخاب کیا اور اب وہ اپنے کاروبار کو آگے بڑھانے اور مالی طور پر خود مختار رہنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہیں۔
انہوں نے اپنے مداحوں کی محبت اور حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اسکرین سے اپنی طویل غیر موجودگی کی وجہ بتانا چاہتی تھیں تاکہ مداحوں کے ذہنوں میں کوئی سوال باقی نہ رہے۔
یاد رہے کہ اداکارہ آخری مرتبہ 2021ء میں نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل ’مہلت‘ میں نظر آئی تھیں، جس کے بعد سے وہ اداکاری سے دور اپنی کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔