سیف علی خان کو 2 سال کے لئے گھی مل گیا، دلچسپ ویڈیو

image

بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان ایک بار پھر سوشل میڈیا پر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، تاہم اس بار وجہ ان کی کوئی فلم نہیں بلکہ دو سال تک مفت گھی فراہم کرنے کا ایک دلچسپ وعدہ ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیف علی خان نے امیتابھ بچن کے مقبول ٹی وی شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے سیزن 18 میں شرکت کی تھی۔ پروگرام کے دوران انہیں مزاحیہ انداز میں پیشکش کی گئی کہ اگر وہ دسویں سوال کا درست جواب دے دیں تو انہیں دو سال کے لیے گھی کی سپلائی دی جائے گی۔ اداکار نے اس انعام میں خاصی دلچسپی ظاہر کی تھی، جس کے بعد یہ واقعہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا۔

بعد میں سیف علی خان نے مختلف انٹرویوز میں بتایا کہ انہیں اب تک وعدے کے مطابق گھی نہیں ملا۔ اس بات کو مداحوں نے بھی سنجیدگی کے بجائے دلچسپ انداز میں لیا اور اداکار کو ان کا انعام دلوانے کے لیے سوشل میڈیا پر مہم شروع کردی۔

مداحوں نے نہ صرف آن لائن درخواست تیار کی بلکہ انسٹاگرام پر ’’گھی آن سیف سائیڈ‘‘ کے نام سے ایک اکاؤنٹ بھی بنایا، جس کا مقصد سیف علی خان کو ان سے کیا گیا وعدہ یاد دلانا تھا۔

حال ہی میں اداکار کی ایک نئی ویڈیو سامنے آئی جس میں وہ لائیو سیشن کے دوران مداحوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ سیف علی خان نے کہا کہ وہ گھی کے موضوع پر مزید بات نہیں کرنا چاہتے اور لوگوں سے دوسرے دلچسپ سوالات کرنے کی درخواست کی۔

تاہم اسی دوران ایک شخص ان کے پیچھے گھی کا ڈبہ لے کر گزرتا دکھائی دیا۔ اس غیر متوقع منظر نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی اور سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ شاید اداکار کو بالآخر ان کا انعام مل گیا ہے۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اگرچہ گھی کا ڈبہ نظر آنے سے یہ تاثر ملا ہے کہ وعدہ پورا ہوگیا، تاہم سیف علی خان کی جانب سے دو سال کی مکمل سپلائی ملنے کی باقاعدہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US