پاکستان کی سلامتی کونسل میں ویٹو پاور بڑھانے کی مخالفت، جامع اصلاحات کا مطالبہ

image

پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں ویٹو پاور کے دائرہ کار میں توسیع اور نئے مستقل ارکان کی شمولیت کی مخالفت کرتے ہوئے جامع، جمہوری اور منصفانہ اصلاحات پر زور دیا ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ ویٹو پاور میں توسیع سے سلامتی کونسل میں عدم مساوات مزید گہری ہوگی اور اقوامِ متحدہ کی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ بڑھے گا۔

پاکستانی مستقل مشن کے قونصلر گل قیصر سروانی نے کہا کہ پاکستان ویٹو پاور کے خاتمے یا اس کے استعمال پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا حامی ہے۔ ان کے مطابق ویٹو کے اختیار کا ناجائز استعمال اقوامِ متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے۔ پاکستان نے اس مطالبے کا بھی اعادہ کیا کہ ویٹو پاور استعمال ہونے کے بعد اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بحث کا انعقاد کیا جائے تاکہ متعلقہ فیصلوں پر وسیع تر عالمی سطح پر غور کیا جا سکے۔

گل قیصر سروانی نے سلامتی کونسل میں اصلاحات کے حوالے سے کہا کہ منتخب ارکان کی تعداد، نمائندگی اور کردار میں اضافہ کیا جانا چاہیے تاکہ کونسل کو زیادہ جمہوری اور منصفانہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ اصلاحات کے پانچوں نکات پر الگ الگ فیصلے کرنے کے بجائے ایک جامع پیکج کے تحت بیک وقت پیش رفت کی جائے۔

پاکستانی قونصلر کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل میں اصلاحات کا مقصد تمام رکن ممالک کے لیے مساوی مواقع اور منصفانہ نمائندگی یقینی بنانا ہونا چاہیے۔ اصلاحات ایسی ہونی چاہئیں جن سے کسی ملک کو خصوصی مراعات نہ ملیں اور تمام ممالک کے ساتھ یکساں اصولوں کے تحت برتاؤ کیا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US