آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے، جس میں منیبہ علی کو کپتان جبکہ عائشہ ظفر کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ ایشین گیمز میں برونز میڈل جیتنے والی پاکستانی ٹیم کی 12 کھلاڑیوں نے اسکواڈ میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، صدف شمس، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، نشرہ سندھو، مومنہ ریاست، طوبیٰ حسن، ام ہانی، وحیدہ اختر اور تسمیہ رباب بھی شامل ہیں۔
دس ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 12 سے 25 نومبر تک متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو گروپ بی میں بنگلادیش، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی اور میزبان متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
گروپ مرحلے میں ہر ٹیم چار میچز کھیلے گی، جس کے بعد دونوں گروپس کی ٹاپ تین، تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں پہنچیں گی۔ سپر سکس کی ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان فائنل 26 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ 7 سے 9 نومبر تک لاہور میں منعقد ہوگا جہاں کھلاڑی ٹورنامنٹ کی تیاری کریں گی۔