تین ملکی ون ڈے سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی اور قومی ٹیم سری لنکا کے خلاف 110 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کو میچ جیتنے کے لیے 111 رنز کا ہدف ملا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی بیٹرز ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، جس کے باعث پوری ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔
پاکستان کو پہلا نقصان 11 رنز کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب فخر زمان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد معاذ صداقت 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اور قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 23 رنز پر گر گئی۔
وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور سعد بیگ 5 رنز بنا کر 46 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا 9 رنز بنا کر پویلین واپس چلے گئے۔ اس مرحلے پر پاکستان کی آدھی ٹیم صرف 61 رنز پر آؤٹ ہوچکی تھی۔
بابر اعظم نے 29 رنز بنا کر مزاحمت کی، تاہم وہ بھی ٹیم کو مشکل صورت حال سے نہ نکال سکے۔ شاداب خان صرف 2 رنز بنا سکے، جبکہ عرفات منہاس نے 10 اور حسن نواز نے 17 رنز اسکور کیے۔ حارث رؤف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 29 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔ قومی ٹیم کی مسلسل وکٹیں گرنے کے باعث سری لنکا کو جیت کے لیے 111 رنز کا ہدف ملا۔
تین ملکی سیریز کا یہ میچ سری لنکا کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اسے فائنل میں جگہ بنانے کے لیے کامیابی درکار ہے جبکہ پاکستان پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے۔