ملتان: زیرِ تعمیر پلازہ کی چھت گرگئی، متعدد مزدوروں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ

image

ناردرن بائی پاس پر این سی بی اے یونیورسٹی کے قریب زیرِ تعمیر پلازے کی چھت اچانک گرنے سے متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں روانہ کی گئیں، جنہوں نے صرف تین منٹ میں جائے حادثہ پر پہنچ کر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔

موقع پر موجود افراد کے مطابق حادثے کے وقت پلازے میں 10 سے 15 مزدور کام کر رہے تھے، جن کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ امدادی ٹیمیں ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش اور انہیں نکالنے کے لیے کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق آپریشن میں مجموعی طور پر 10 گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں، جن میں پانچ ایمبولینسز، تین ریسکیو موٹر بائیکس، ایک ریسکیو وہیکل اور ایک فائر وہیکل شامل ہیں۔

امدادی کارروائیوں کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق حادثے میں ممکنہ جانی نقصان سے متعلق تاحال کوئی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں، جبکہ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US