ایران سے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کے لیے اہم سفری ہدایت، الشیب بارڈر بند

image

وزارت مذہبی امور نے ایران کے راستے زمینی سفر کرکے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کو اہم سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران اور عراق کے درمیان الشیب بارڈر 21 اکتوبر سے بند ہے، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان مسافروں کی آمدورفت معطل ہے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق الشیب بارڈر زائرین کے لیے ایران سے عراق جانے کا واحد زمینی راستہ ہے، جو تاحکم ثانی بند رہے گا۔ بارڈر کی بندش کے باعث مسافروں، گاڑیوں اور تجارتی سامان کی نقل و حرکت بھی معطل ہے، جبکہ پاکستانی زائرین فی الحال متبادل زمینی راستہ استعمال کرکے عراق نہیں جا سکتے۔

ترجمان کے مطابق ایران میں موجود پاکستانی زائرین بغداد اور نجف کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے ذریعے عراق جا سکتے ہیں۔ زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایران کے راستے عراق روانگی سے قبل نئی سفری ہدایات اور تازہ ترین صورتحال سے ضرور آگاہی حاصل کریں۔

وزارت مذہبی امور نے زیارت گروپ آرگنائزرز (ZGOs) کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے گروپس میں شامل پاکستانی زائرین کو بارڈر کی بندش سے فوری طور پر آگاہ کریں۔ ترجمان نے زائرین پر زور دیا ہے کہ سفر شروع کرنے سے قبل اپنے متعلقہ زیارت گروپ آرگنائزرز سے سفری صورتحال کی تصدیق ضرور کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US