بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 17 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید، آئی ایس پی آر

image

بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان بھی شہید ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں یکم نومبر 2026 کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئیں۔

ضلع کچھی کے علاقے سنی میں ناکہ بندی کی کوشش میں مصروف 10 دہشت گردوں کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا۔

دوسرے آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے ضلع خاران میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کر دیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ اس کارروائی کے دوران ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرگئے۔

دونوں علاقوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے جبکہ کسی بھی دیگر دہشت گرد کی موجودگی کا خاتمہ یقینی بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ایکشن پلان سے متعلق وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’عزم استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US