اسلام آباد بلدیاتی انتخابات: 1665 کاغذات نامزدگی جاری، صرف 39 امیدواروں نے جمع کرائے

image

وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات 2026 کے لیے امیدواروں کی جانب سے تاحال غیر معمولی کم دلچسپی دیکھنے میں آ رہی ہے، 3 نومبر کی شام تک 1665 کاغذات نامزدگی جاری کیے جانے کے باوجود صرف 39 امیدواروں نے اپنے کاغذات جمع کرائے تھے۔

الیکشن شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 6 نومبر مقرر ہے، جبکہ جمع کرائے گئے کاغذات کی جانچ پڑتال 9 سے 13 نومبر تک کی جائے گی۔ مسترد ہونے والے کاغذات کے خلاف 14 سے 18 نومبر تک اپیلیں دائر کی جا سکیں گی، جن پر اپیلٹ اتھارٹی 19 سے 23 نومبر تک فیصلے کرے گی۔

امیدوار 25 نومبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، جبکہ انتخابی نشانات 26 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔

اسلام آباد کو بلدیاتی انتخابات کے لیے 125 یونین کونسلز میں تقسیم کیا گیا ہے، جہاں 16 ریٹرننگ افسران امیدواروں کے کاغذات نامزدگی وصول کر رہے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی، جبکہ غیر حتمی نتائج 21 سے 24 دسمبر تک مرتب کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 2015 کے قانون کے تحت منعقد کرائے جا رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US