امریکی ریاست مشی گن سے سینیٹ کی نشست جیتنے والے عبدل السید کی انتخابی تقریب میں ایک ایسا لمحہ دیکھنے کو ملا جس نے سیاسی کامیابی کے جشن کو محبت بھرے منظر میں بدل دیا۔ اپنی جیت پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اہلیہ سارہ جوکاکو کو خاص انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
ڈیٹرائٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران عبدل السید نے انتخابی مہم میں ساتھ دینے والے ساتھیوں اور حامیوں کا شکریہ ادا کیا، تاہم جب انہوں نے اپنی اہلیہ کا ذکر کیا تو ان کے الفاظ نے ماحول کو جذباتی بنا دیا۔
انہوں نے سارہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، "تمہارے بغیر یہ کامیابی ممکن نہیں تھی اور میں یہ سفر کسی اور کے ساتھ طے کرنا بھی نہیں چاہتا تھا۔"
عبدل السید نے اپنی اہلیہ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ زندگی کے اس اہم سفر میں ان کے تعاون اور ساتھ دینے پر دل سے شکرگزار ہیں۔
شوہر کی جانب سے سب کے سامنے محبت بھرے الفاظ سن کر سارہ مسکرا دیں اور کچھ شرماتی ہوئی نظر آئیں۔ اس موقع پر دونوں نے اسٹیج پر ایک دوسرے کو گلے لگایا تو تقریب میں موجود حامیوں نے تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔
اس خوبصورت لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جہاں صارفین انتخابی کامیابی کے ساتھ ساتھ میاں بیوی کے درمیان محبت اور ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کے انداز کو بھی سراہ رہے ہیں۔