معروف یوٹیوبر معاذ صفدر اور صبا معاذ کے گھر ننھی پری کی آمد، سوشل میڈیا پر مبارک بادوں کا سلسلہ شروع

image

پاکستان کے مشہور فیملی وی لاگر معاذ صفدر اور صبا معاذ ننھی پری کے والدین بن گئے ہیں جس کی اطلاع صبا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خصوصی تصاویر اور ایک جذباتی پیغام کے ذریعے مداحوں کو دی۔ اس خبر کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ان کے چاہنے والوں کی جانب سے مبارک بادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

صبا معاذ نے اپنی ننھی بیٹی کے لیے محبت بھرے جذبات بیان کرتے ہوئے لکھا کہ زندگی میں بعض نعمتیں اس لیے بہت خاص ہوتی ہیں کیونکہ ان کے حصول کے لیے دل سے دعائیں مانگی جاتی ہیں۔ ان کی بیٹی بھی ایک ایسی ہی خواہش تھی جسے وہ مدت سے اپنے دل میں لیے ہوئے تھیں اور اب اللہ تعالیٰ نے اسے حقیقت بنا دیا ہے۔ انہوں نے اس خوشی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنی بیٹی کو دعاؤں کا خوبصورت تحفہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ صبا معاذ نے کچھ عرصہ قبل اپنی تیسری بار حاملہ ہونے کی خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی، جس کے بعد سے ان کے چاہنے والے نئے مہمان کی آمد کے منتظر تھے۔ اب بیٹی کی پیدائش نے اس خاندان کی خوشیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے معاذ صفدر اور صبا معاذ کا شمار پاکستان کے مقبول ڈیجیٹل کریئیٹرز میں ہوتا ہے۔ دونوں اپنی روزمرہ زندگی، گھریلو سرگرمیوں اور دلچسپ فیملی وی لاگز کے ذریعے لاکھوں افراد کی توجہ حاصل کرچکے ہیں۔ ان کے یوٹیوب چینل پر تقریباً 53 لاکھ سبسکرائبرز موجود ہیں جبکہ انسٹاگرام پر بھی دونوں کے مجموعی فالوورز کی تعداد 43 لاکھ کے قریب ہے۔

بیٹی کی پیدائش کے اعلان کے بعد شوبز اور سوشل میڈیا سے وابستہ کئی معروف شخصیات نے ان کی پوسٹ پر محبت بھرے تبصرے کیے۔ مداح بھی نومولود بچی کی صحت، خوش حالی اور روشن مستقبل کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US