پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اور کامیاب اداکارہ ریما خان ایک بڑے سنیما پروجیکٹ کے ذریعے سلور اسکرین پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔
1990ء کی دہائی میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے والی اداکارہ نے ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کے بعد امریکا میں سکونت اختیار کرلی تھی اور طویل عرصے سے اداکاری سے دور تھیں۔
اب انہوں نے ہدایت کار و پروڈیوسر وجاہت رؤف کی نئی فلم ’پنچھی پیارے‘ سائن کر لی ہے، جس کا باضابطہ اعلان وجاہت رؤف نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔
اس خبر کے سامنے آتے ہی شوبز انڈسٹری کی متعدد شخصیات، جن میں عمران عباس، زویا ناصر اور علی رحمان خان شامل ہیں، کے علاوہ اداکارہ کے مداحوں کی جانب سے بھی شدید خوشی کا اظہار اور نیک تمناؤں کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔