شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، دہشت گردوں کے دو ٹھکانے تباہ

image

شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے جنوبی حصے میں واقع موزک گاؤں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی یافتہ فتنۃ الخوارج کے دو دہشت گرد ٹھکانے تباہ کردیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران مساجد میں قائم دہشت گردوں کے دو ٹھکانوں کو کلیئر کیا گیا، جہاں سے بڑی تعداد میں تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز)، دھماکہ خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ خوارجی دہشت گردوں نے مساجد کو دھماکہ خیز مواد چھپانے اور اپنی پرتشدد سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا، جو مذہبی شعائر کی صریح بے حرمتی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فتنۃ الخوارج کا اسلام کی حقیقی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں اور مذہب کے نام پر دہشت گردی کا جواز پیش کرنا ناقابل قبول ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کی پشت پناہی سے سرگرم دہشت گرد عناصر کی جانب سے اسلام کی گمراہ کن تشریح کو پاکستان کے عوام مسترد کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر دہشت گرد ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور سیکیورٹی فورسز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US