تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی کنکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے پانی ٹنل اور زیر تعمیر پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا، تاہم تمام ورکرز کو بحفاظت نکال لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واپڈا کے ترجمان کے مطابق ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے جبکہ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔ زیریں جانب واقع ورک سائٹس پر مزید پانی داخل نہیں ہو رہا۔
ترجمان نے واضح کیا کہ تربیلا کی ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے کی اطلاعات درست نہیں، منصوبے کی مین ٹنل، پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
واپڈا کے سینئر افسران، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ منصوبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جاسکے۔
واضح رہے کہ تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے سے 1530 میگاواٹ بجلی پیدا ہونے کی توقع ہے۔ منصوبے میں 510 میگاواٹ صلاحیت کے تین یونٹس نصب کیے جائیں گے جبکہ ٹنل سے مئی 2027 تک بجلی کی پیداوار شروع ہونے کا امکان ہے۔