آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان رینجرز اور آزاد کشمیر پولیس کے 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ پنجی بازار میں پیش آیا، جہاں مسلح عناصر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان رینجرز کے 3 جبکہ آزاد کشمیر پولیس کے 2 اہلکار زخمی ہوئے۔
ترجمان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کارروائی کے دوران بھی فائرنگ کی گئی، جبکہ زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
آزاد کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس کے مطابق علاقے میں قانون کی عملداری، امن و امان اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔