خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک نے کویت میں اپنی مشترکہ عسکری کمانڈ کے لیے ایک جدید ہیڈکوارٹر قائم کرنے اور وہاں افواج کی تعیناتی کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ یہ اہم فیصلہ منامہ میں منعقدہ جی سی سی ممالک کی جوائنٹ ڈیفنس کونسل کے 23ویں اجلاس کے دوران کیا گیا۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے بتایا کہ یہ اقدام خلیجی ممالک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ان کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے ایرانی حملوں کے تناظر میں خلیجی ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی عسکری تعاون اور ہم آہنگی کو سراہا۔
اگرچہ تاحال نئے ہیڈکوارٹر اور تعینات کی جانے والی افواج کے بارے میں مزید تفصیلا ت جاری نہیں کی گئی ہیں، تا ہم یاد رہے کہ جی سی سی (جس میں بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں) نے دسمبر 2013 میں کویت کے سربراہی اجلاس کے دوران ہی مشترکہ فوجی کارروائیوں اور خطرات سے دفاع کے لیے اپنی عسکری کمانڈ کی بنیاد رکھی تھی۔