وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ترقی پذیر ممالک کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنائے۔
ترکیے میں منعقدہ کوپ 31 کانفرنس سے اپنے خطاب میں انہوں نے نشاندہی کی کہ عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، تاہم اس کے باوجود ملک موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید منفی اثرات کی زد میں ہے۔
وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس قدرتی آفت نے پاکستان کے ایک تہائی رقبے کو زیرِ آب لا کر 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کیا تھا۔ انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے پر ترکیے کی حمایت کو بھی سراہا۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات پر سنجیدگی سے عمل کر رہا ہے، تاہم اس عالمی بحران پر قابو پانے کے لیے دنیا بھر کے ممالک کو مشترکہ اور ٹھوس عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔