الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر کی رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست جاری کردی ہے، جس میں مجموعی طور پر 160 جماعتیں شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اس فہرست کے مطابق کئی نمایاں سیاسی جماعتوں کو بغیر پارٹی سربراہ کے درج کیا گیا ہے۔
فہرست میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان سنی تحریک کے سامنے سربراہ کا خانہ خالی رکھا گیا ہے، جبکہ متحدہ قومی موومنٹ اور تحریک لبیک پاکستان کے سربراہان کے نام بھی فہرست سے حذف کردیے گئے ہیں۔
اسی طرح پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور عوام پاکستان پارٹی بھی رجسٹرڈ جماعتوں کی فہرست میں تو شامل ہیں لیکن ان کے سربراہان کے نام درج نہیں ہیں۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات اور جماعت کے آئین میں ترمیم سے متعلق معاملہ تاحال زیر التوا ہے۔