بلوچستان اسمبلی نے صوبے میں سرداری نظام کے خاتمے سے متعلق جماعت اسلامی کے صوبائی امیر اور حق دو تحریک کے رکن اسمبلی مولوی ہدایت الرحمان کی قرارداد کثرت رائے سے مسترد کردی۔
اسمبلی اجلاس کے دوران مولوی ہدایت الرحمان نے قرارداد پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ بلوچستان کے بعض علاقوں میں آج بھی سرداری نظام کی باقیات موجود ہیں، جہاں غیر قانونی اختیارات، جبری مشقت اور عوام کے استحصال کا سلسلہ جاری ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ سرداری نظام انسانی آزادی، عزت نفس اور بنیادی حقوق کے منافی ہے، بلوچستان کے عوام کو جاگیردارانہ اور استحصالی نظام سے نجات دلانا ضروری ہے۔
مولوی ہدایت الرحمان کا کہنا تھا کہ سرداری نظام کے تحت عوام کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں اور اس نظام کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں سرداری نظام کے خاتمے کا قانون 1976 میں منظور کیا گیا تھا۔ تاہم قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بعض علاقوں میں اس نظام کی باقیات اب بھی موجود ہیں۔
قرارداد پر رائے شماری کے دوران اس کے حق میں 5 جبکہ مخالفت میں 6 ارکان نے ووٹ دیا، جس کے بعد قرارداد مسترد کردی گئی۔