ایف آئی آر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مذکورہ غیر قانونی پائپ ایک ملحقہ خالی پلاٹ کی زمین کے نیچے سے گزار کر رہائشی مکان کے اندر تک بذریعہ سرنگ پہنچایا گیا تھا اور اس کی مدد سے کروڈ آئل چوری کیا جا رہا تھا۔
صوبہ پنجاب کے ضلع راولپنڈی میں پولیس نے تین ایسے ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انھوں نے ایک طویل سرنگ کی مدد سے پاکستان آئل فیلڈ لمیٹڈ کی زیر زمین پائپ لائن سے سوا دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کا 1100 بیرل کروڈ آئل (خام تیل) چوری کیا ہے۔
پولیس نے ایک گھر کے زیر زمین ٹینک سے چوری کیا گیا 1431 لیٹر کروڈ آئل برآمد کرنے کے علاوہ اس مبینہ واردات میں استعمال ہونے والے آلات بھی برآمد کیے ہیں۔
اس کیس کی ایف آئی آر پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ کے سینیئر ایگزیکیٹیو افسر شاہد احمد کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔
مدعی مقدمہ نے پولیس کو بتایا کہ پاکستان آئل فیلڈ لمٹیڈ زیر زمین ذخائر سے خام تیل (کروڈ آئل) نکال کر اپنی ہائی پریشر پائپ لائینوں کے ذریعے اٹک آئل ریفائنری (راولپنڈی) کو سپلائی کرتی ہے تاہم گذشتہ کچھ عرصے سے کمپنی کی خام تیل ترسیل کرنے والی پائپ لائینوں سے تیل چوری کی اطلاعات موصول ہو رہی تھی۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ خام تیل کی چوری کی اطلاعات رنیال (راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کی حدود میں آنے والا ایک علاقہ) سے مورگاہ کے درمیانی علاقے سے موصول ہوئی تھیں جس کا کھوج لگانے کی مسلسل کوشش کی جا رہی تھی۔
مدعی مقدمہ کے مطابق آٹھ نومبر کو وہ دیگر سٹاف ممبران کے ہمراہ رنیال کے علاقے میں گشت کر رہے تھے جب انھیں ایک رہائشی مکان کے باہر سے خام تیل کی بُو محسوس ہوئی جس پر ٹیم کو شبہ ہوا کہ مذکورہ مکان میں تیل کی چوری کا کوئی غیر قانونی عمل جاری ہو سکتا ہے۔
ایف آئی آر میں مدعی مقدمہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ اس صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی اور مکان میں موجود تین اشخاص نے پوچھ گچھ پر بتایا کہ مکان کے کار پورچ میں کھڑی گاڑی کے نیچے زیر زمین ٹینک میں چوری شدہ خام تیل موجود ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق اس زیر زمین ٹینک کا معائنہ کیا گیا تو وہاں سے 1431 لیٹر کروڈ آئل برآمد ہوا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق گھر سے گرفتار کیے گئے تین افراد میں سے ایک نے بتایا کہ انھوں نے زیر زمین سرنگ کھود کر کمپنی کی ہائی پریشر پائپ لائن پر کلیمپ (Clamp) لگایا ہوا ہے جس کی مدد سے کروڈ آئل مبینہ طور پر چوری کیا جاتا تھا۔
ایف آئی آر میں مزید بتایا گیا ہے کہ گھر میں مزید کھدائی کروانے پر انکشاف ہوا کہ ملزمان نے کمپنی کی زیر زمین ہائی پریشر کروڈ آئل پائپ لائن پر غیر قانونی ٹیمپرنگ کر کے کلیمپ نصب کیا ہوا ہے جس کے ذریعے 181 فٹ طویل پائپ بذریعہ سرنگ زیر زمین بچھایا گیا تھا۔
ایف آئی آر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مذکورہ غیر قانونی پائپ ایک ملحقہ خالی پلاٹ کی زمین کے نیچے سے گزار کر رہائشی مکان کے اندر تک بذریعہ سرنگ پہنچایا گیا تھا اور اس کی مدد سے کروڈ آئل چوری کیا جا رہا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے مذکورہ گھر کرائے پر لیا ہوا تھا۔
مقامی پولیس نے مطابق انھوں نے جائے وقوعہ سے برآمد ہونے والا 1431 لیٹر کروڈ آئل، ہائی پریشر پائپ اور اس کام میں استعمال ہونے والا دوسرا سامان برآمد کر لیا ہے۔
مدعی مقدمہ نے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا کہ کمپنی کی کروڈ آئل پائپ لائن کے ساتھ غیر قانونی ٹمپرنگ اور کروڈ آئل کی چوری کے باعث پاکستان آئل فیلڈز لمیٹیڈ کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے اور نقصانات سے متعلق رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ مجموعی طور پر سوا دو کروڑ سے زیادہ مالیت کا تقریباً 1100 بیرل کروڈ آئل چوری ہوا ہے۔ پولیس سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ملزمان کے خلاف کارروائی کرے۔
ملزمان سے تفتیش میں کیا سامنے آیا؟
اس مقدمے کے تفتیشی افسر رضوان اعوان نے بی بی سی اُردو کو بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان نے مزید کچھ انکشافات کیے ہیں جس کی روشنی میں اس مقدمے کی تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ گرفتار ملزمان سے ہونے والی تفتیش کے نتیجے میں چند دیگر افراد کے علاوہ کچھ نجی پیٹرول پمپس کے مالکان اور کچھ دکانداروں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ ملزمان نے مکمل ریکی کے بعد یہ مکان ایک سال پہلے کرائے پر حاصل کیا تھا۔
تفتیشی افسر رضوان اعوان نے کہا کہ ملزمان کے مطابق چوری کی غرض سے بنائی گئی طویل سرنگ کی کھدائی کا کام تین ماہ میں مکمل ہوا تھا جس کے بعد پائپ کے ذریعے پاکستان آئل فیلڈز کی مرکزی پائپ لائن کے ساتھ جوڑ دیا گیا۔
تفتیشی افسر کے مطابق جس مکان میں یہ کارروائی ہوئی وہ علاقہ اہم اور حساس علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ وہ رات کے اوقات میں خام تیل نکالتے اور ایک، دو روز اسے اپنے پاس سٹور کرنے کے بعد گاڑیوں میں لوڈ کر کے ترسیل کرتے تھے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔