وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے طریقہ کار کو آسان بنا رہی ہے، معدنیات کے شعبے میں کان کنی کے لائسنس اور معاہدوں کے اجرا میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے معدنیات کے شعبے کو پاکستان کے قومی اقتصادی وژن کا مرکزی حصہ بنانے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل منرلز ڈیٹا سینٹر کا قیام اور ارضیاتی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سرمایہ کاروں کو مستند معلومات فراہم کرنے اور ان کے مفادات کے تحفظ میں معاون ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ معدنی وسائل کو خام شکل میں برآمد کرنے کے بجائے ملک کے اندر ہی نکالا، پراسیس اور تیار کیا جائے تاکہ مقامی صنعتوں اور ڈاؤن اسٹریم مینوفیکچرنگ کو فروغ مل سکے۔ سرمایہ کاروں کے لیے منصفانہ شراکت داری، مساوی سرمایہ کاری کے مواقع اور پالیسیوں کا تسلسل یقینی بنایا جائے گا۔
شہباز شریف نے پاکستان پر اعتماد برقرار رکھنے پر بیرک کمپنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک اقتصادی ترقی کے ایک نئے مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے گولڈمین سیکس کی اس پیش گوئی کا حوالہ دیا کہ پاکستان 2075 تک دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے تاہم وزیراعظم نے اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان 2050 سے پہلے ہی دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت قیمتی معدنی وسائل کو ملکی صنعتوں اور ویلیو ایڈیشن کے لیے بروئے کار لانا چاہتی ہے تاکہ خام معدنیات کی برآمد کے بجائے ملک میں ہی مصنوعات تیار کرکے برآمدات بڑھائی جا سکیں۔
انہوں نے ریکوڈک منصوبے کو بھی پاکستان کے لیے ایک بڑا موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کے بڑے غیر ترقی یافتہ تانبے اور سونے کے ذخائر میں شامل ہے۔ تقریباً دو دہائیوں سے تعطل کا شکار یہ منصوبہ اب عمل درآمد اور آپریشنل مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے۔