پاکستانی حکومت نے نیشنل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر (نفٹاک)، جو مختلف اداروں کے درمیان انٹیلیجنس معلومات کے تبادلے اور خطرات کے تجزیے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا) سے واپس لے لیا ہے۔ محسن نقوی کے تحت کام کرنے والی وزارت داخلہ اب براہ راست اس سینٹر کے کام پر نظر رکھے گی۔
پاکستانی حکومت نے نیشنل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر (نفٹاک)، جو مختلف اداروں کے درمیان انٹیلیجنس معلومات کے تبادلے اور خطرات کے تجزیے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا) سے واپس لے لیا ہے۔ محسن نقوی کے تحت کام کرنے والی وزارت داخلہ اب براہ راست اس سینٹر کے کام پر نظر رکھے گی۔
نیکٹا ایکٹ 2013 کے سیکشن 4 کی پہلی ذیلی شق نیکٹا کو انٹیلیجنس اور معلومات حاصل کرنے، ان کا تجزیہ کرنے، مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری کرنے اور خطرات کے جائزے مرتب کرنے کا اختیار دیتی ہے۔ اسی وجہ سے نفٹاک کی نیکٹا سے علیحدگی کے بعد یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ نیکٹا کے قانونی مینڈیٹ کا ایک اہم حصہ اب کس حد تک متاثر ہوگا۔
پاکستان کی وفاقی حکومت نے ستمبر کے پہلے ہفتے میں میجر جنرل فیصل نصیر کو تین برس کے لیے نیکٹا کا نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر کیا تھا اور یوں وہ وزارتِ داخلہ کے تحت 2008 میں قائم کیے جانے والے اس ادارے کے پہلے فوجی سربراہ بنے۔ اس ادارے کے اُس وقت کے سربراہ جواد ڈوگر کو نائب بنا دیا گیا تھا۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، ’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نیکٹا کے قیام کے بعد سے اس ادارے کی سربراہی مجموعی طور پر پولیس سروس کے افسران کے پاس رہی ہے، جن میں وہ افسران بھی شامل تھے جنھوں نے سویلین خفیہ ایجنسی انٹیلیجنس بیورو (آئی بی) کی قیادت بھی کی۔ میجر جنرل فیصل نصیر اس سے قبل انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) کے انٹرنل ونگ، جسے ’ڈی جی سی‘ کہا جاتا ہے، کے سربراہ رہے ہیں۔
نیکٹا کا کام دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قومی حکمتِ عملی مرتب کرنا، ایکشن پلان تیار کرنا، مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو بہتر بنانا اور وفاقی حکومت کو پیش رفت سے آگاہ کرنا ہے۔ نیکٹا کو ماضی میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف تشکیل دیے گئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی نگرانی کی ذمہ داری بھی سونپی گئی تھی۔
اب حکومت نے نیکٹا سے نفٹاک کو الگ کرتے ہوئے وزارتِ داخلہ کے ماتحت ایک علیحدہ منسلک ادارے (اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹ) کے طور پر کام کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں نیکٹا سے اس کے اہم ترین انٹیلیجنس رابطہ کاری اور خطرات کے جائزے سے متعلق اختیارات میں سے ایک واپس لے لیا گیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کے حکام نے بی بی سی نیوز اردو کو بتایا کہ نفٹاک کی علیحدگی کے بعد اب عملاً نیکٹا کا ادارہ محض ایک ریسرچ ونگ یا تھنک ٹینک سے زیادہ کچھ نہیں رہ گیا۔
نیکٹا کی ماضی میں سربراہی کرنے والے متعدد افراد نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس حوالے سے نہ تو ان سے کوئی مشاورت کی گئی اور نہ ہی عوامی سطح پر یا پارلیمان میں ایسی کوئی بحث ہوئی کہ اس تبدیلی کی ضرورت کیوں محسوس کی گئی اور نیکٹا سے نفٹاک کو الگ کرنے کا فیصلہ کیوں کیا گیا۔
ماہرین کی آرا شامل کرنے سے قبل یہ دیکھتے ہیں کہ حکومت اس فیصلے کی کیا توجیہ پیش کرتی ہے۔
’مقصد نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے‘
وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بی بی سی نیوز اردو کو بتایا کہ اس تنظیمِ نو کا مقصد مختلف اداروں کے درمیان انٹیلیجنس رابطہ کاری، معلومات کے تبادلے اور ردِعمل کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ نفٹاک کا ادارہ پہلے سے ہی اپنے فرائض انجام دے رہا ہے، جبکہ نیکٹا بھی وزارتِ داخلہ کے تحت کام کرتا ہے۔ ان کے مطابق نفٹاک کے ماڈل کو تمام صوبوں تک توسیع دی جا چکی ہے اور اب یہ نظام ملک بھر میں مؤثر انداز میں فعال ہے۔
اس سوال پر کہ جب پہلے سے ہی نیکٹا وزارت داخلہ کے تحت کام کر رہا تھا تو پھر نفٹاک کو نیکٹا سے الگ کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی، طلال چوہدری نے کہا کہ ’یہ وزارت کے اندر ہونے والی تنظیمی تبدیلیوں کا حصہ ہے، جو ایک معمول کا عمل ہے، اور اس کا مقصد انتظامی امور کو بہتر بنانا ہے۔‘
دوسری جانب نیکٹا کے ایک اہم عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ عملاً نیکٹا کے کام کا دائرہ محدود ہو گیا ہے اور جب تک ادارے کے لیے کوئی نیا روڈ میپ سامنے نہیں آتا، اس کے مستقبل کے کردار کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
طلال چوہدری کے مطابق وزارتِ داخلہ نے حال ہی میں کئی نئے اقدامات کیے ہیں اور اس حوالے سے پائی جانے والی کسی بھی قسم کی ابہام کی کیفیت جلد دور ہو جائے گی۔
پولیس سروس آف پاکستان سے ریٹائر ہونے والے خواجہ خالد فاروق 2011 سے 2013 تک نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر رہے ہیں۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ حکومت جب اس فیصلے کی منطق اور وجوہات عوام کے سامنے رکھے گی، تب ہی واضح ہو سکے گا کہ اس تبدیلی یا علیحدگی کی ضرورت کیوں پیش آئی۔
تاہم ان کے مطابق نیکٹا خود کوئی انٹیلیجنس ادارہ نہیں ہے جو فیلڈ سے معلومات اکٹھی کرتا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ادارے کا بنیادی کام مختلف ایجنسیوں سے حاصل ہونے والی معلومات کا تجزیہ کرنا اور ان کی بنیاد پر سفارشات مرتب کرنا ہے۔ ان کے بقول اگر یہ ذمہ داری بھی نیکٹا سے واپس لے لی گئی ہے تو پھر حکام ہی بہتر بتا سکتے ہیں کہ مستقبل میں اس ادارے سے کس نوعیت کا کام لیا جائے گا۔
نیکٹا کام کیسے کرتا ہے؟
خواجہ خالد فاروق کا کہنا ہے کہ نیکٹا کے سابق سربراہ کی حیثیت سے وہ یہ بات اعتماد سے کہہ سکتے ہیں کہ یہ ادارہ ہمیشہ دیگر انٹیلیجنس ایجنسیوں پر انحصار کرتا رہا ہے۔
خواجہ خالد فاروق کے مطابق قانون کے تحت ابتدا میں نیکٹا کو وزیرِ اعظم کے ماتحت رکھا گیا تھا، جبکہ اس کے انتظامی امور کی نگرانی کے لیے قائم کمیٹی کی سربراہی سیکریٹری داخلہ کے سپرد کی گئی تھی۔ ان کے بقول ’بعد ازاں قانون میں ترمیم کر کے نیکٹا کو وزارتِ داخلہ کے ماتحت کر دیا گیا۔'‘
نیکٹا کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ خالد فاروق نے کہا کہ ’نیکٹا کی کارکردگی کبھی غیرمعمولی یا بہت مؤثر نہیں رہی۔ شاید اس کی ایک وجہ ادارے کی اونرشپ کا مسئلہ بھی رہا ہے۔‘ ان کے مطابق اس ادارے میں زیادہ تر توجہ رپورٹس کی تیاری پر مرکوز رہی اور ریسرچ سیل ان رپورٹس کو اپنے ریکارڈ کا حصہ بناتا رہا۔
میجر جنرل فیصل نصیر کی تعیناتی کے فیصلے کے بعد نیکٹا کے پہلے سربراہ طارق پرویز نے بی بی سی نیوز اردو کو بتایا تھا کہ اس ادارے کے قیام کا تصور یہ تھا کہ تمام متعلقہ اداروں کی انٹیلیجنس معلومات ایک جگہ جمع ہوں اور نیکٹا ان کے درمیان رابطہ کاری کا مرکزی کردار ادا کرے۔
ان کے مطابق آئی ایس آئی، آئی بی اور سی ٹی ڈی جیسے اداروں کی جانب سے فراہم کی جانے والی تھریٹ اسیسمنٹس کی بنیاد پر نیکٹا حکومت اور پالیسی ساز اداروں کو اپنی آزادانہ اور بامقصد اسیسمنٹ فراہم کرتا، تاکہ قومی سلامتی سے متعلق فیصلوں میں ایک مؤثر سویلین نقطۂ نظر بھی شامل رہے۔
طارق پرویز کے مطابق میجر جنرل فیصل نصیر کی تعیناتی سے یہ تاثر ملتا ہے کہ اب خطرات کے تعین اور ان کے تجزیے میں ’ملٹری مائنڈ سیٹ‘ غالب کردار ادا کرے گا۔
ان کی رائے میں فوجی اثر و رسوخ کے تحت نیکٹا اپنی افادیت کھو سکتا ہے کیونکہ ایسی صورت میں آزادانہ اور غیرجانبدار اسیسمنٹ فراہم کرنا مشکل ہو جائے گا، خصوصاً جب ادارے کا سربراہ خود فوجی پس منظر رکھتا ہو۔
ایک سوال کے جواب میں طارق پرویز نے خدشہ ظاہر کیا کہ میجر جنرل فیصل نصیر کی تعیناتی سول اور ملٹری اداروں کے درمیان موجود توازن کو متاثر کر سکتی ہے۔
طارق پرویز نے کہا کہ ’نیکٹا کا کبھی آپریشنل کردار نہیں تھا اور نہ ہی اسے کسی متوازی خفیہ ایجنسی کے طور پر کام کرنا تھا۔‘ ان کے مطابق ادارے کے ابتدائی دنوں میں آئی ایس آئی کے بعض افسران نے ان سے بات کرتے ہوئے ایسے خدشات کا اظہار بھی کیا تھا، تاہم نیکٹا کا مقصد صرف معلومات کا تجزیہ، رابطہ کاری اور پالیسی سازی میں معاونت فراہم کرنا تھا۔
نیکٹا کے فعال نہ ہونے کی وجوہات کیا ہیں؟
نیکٹا کے سابق سربراہ احسان غنی نے بی بی سی کو بتایا کہ نیکٹا کو اقتدار کے ایوانوں میں کبھی مکمل قبولیت حاصل نہیں ہو سکی۔ ان کی رائے میں امریکہ، برطانیہ اور فرانس سمیت متعدد ممالک میں اسی نوعیت کے ادارے مؤثر انداز میں کام کر رہے ہیں، تاہم پاکستان میں بظاہر بیرونی دباؤ کے تحت یہ ادارہ تو قائم کر دیا گیا، مگر اسے کبھی حقیقی معنوں میں بااختیار نہیں بنایا گیا۔
احسان غنی کے مطابق اس صورتِ حال کی ذمہ داری بڑی حد تک ان پولیس افسران پر بھی عائد ہوتی ہے جنھوں نے نیکٹا کو ایک مضبوط ادارے کی شکل اختیار کرنے نہیں دی۔ انھوں نے کہا کہ نیکٹا کے ایک سابق سربراہ خالق داد لک نے محض ایک انتظامی فیصلے کے ذریعے تقریباً ساڑھے چار سو ملازمین پر مشتمل ’جوائنٹ ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلیجنس‘ (جے آئی ڈی) کو یہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے ختم کر دیا کہ اس کی کوئی خاص ضرورت نہیں رہی۔
جب بی بی سی نے خالق داد لک سے اس معاملے پر ان کا مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا تو انھوں نے تبصرہ کرنے یا وضاحت دینے سے معذرت کر لی۔
احسان غنی کے مطابق ’جے آئی ڈی‘ کا تصور پاکستان کی پہلی نیشنل انٹرنل سکیورٹی پالیسی اور نیکٹا ایکٹ دونوں میں موجود تھا۔ ان کی رائے میں دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنا بنیادی طور پر سویلین اداروں کی ذمہ داری ہے، یہی وجہ ہے کہ اس ادارے کی قیادت زیادہ تر پولیس سروس کے افسران کے پاس رہی۔
فوجی افسر کی تعیناتی کے حوالے سے احسان غنی کا کہنا ہے کہ قانون میں اس کی گنجائش موجود ہے۔ ان کے مطابق جب انھیں نیکٹا کا سربراہ مقرر کیا گیا تو وہ گریڈ 21 کے افسر تھے اور بعد میں گریڈ 22 میں ترقی پائی۔ ان کا کہنا تھا کہ میجر جنرل فیصل نصیر بھی گریڈ 21 کے مساوی افسر ہیں اور ادارے کو چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
احسان غنی نے بتایا کہ ان کے دورِ سربراہی میں آئی ایس آئی اور فوج کی جانب سے تعاون حاصل رہا، تاہم سویلین بیوروکریسی اکثر روزمرہ کے معاملات میں رکاوٹ بنتی تھی۔ ان کے بقول بعض اوقات فائلیں سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ یا سیکریٹری کابینہ کے دفاتر میں طویل عرصے تک پڑی رہتی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ ایسی صورتِ حال میں وہ فوجی حکام سے مدد طلب کرتے تھے، جس کے بعد معاملات آگے بڑھ جاتے تھے۔
خواجہ خالد فاروق کے مطابق نیکٹا کے بورڈ میں دفترِ خارجہ سمیت مختلف اداروں کی نمائندگی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ اس کے مقاصد محض سکیورٹی امور تک محدود نہیں تھے، تاہم بظاہر ادارہ اپنی اصل ترجیحات سے دور ہوتا جا رہا ہے۔
ان کی رائے میں اگر قانون کو مضبوط بنایا جائے تو دیگر ادارے بھی نیکٹا کے ساتھ مؤثر تعاون کریں گے۔ بصورتِ دیگر اگر اسے وزیرِ اعظم کے بجائے کسی وزارت کے ماتحت رکھا جائے تو یہ ادارہ سیکریٹریوں، ڈپٹی سیکریٹریوں اور دیگر بیوروکریٹس کے انتظامی اختیارات کا محتاج رہے گا۔ ان کے مطابق جب نیکٹا کو وزیرِ اعظم سیکریٹریٹ سے نکالا گیا تو اس کی مالی خودمختاری بھی متاثر ہوئی۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔