امریکہ میں انڈیا کے سفیر ونے موہن کواترا نے شرجیل امام کے بارے میں یو ایس سی آئی آر ایف کے بیان پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کمیشن کو انڈین شہریوں کے آئینی حقوق کے بارے میں فیصلہ سنانے کا کوئی حق حاصل نہیں۔
شرجیل امام نے سنہ 2020 میں احتجاجی مظاہرے کے دوران چکہ جام ہڑتال کی بات کی تھیامریکہ میں انڈیا کے سفیر نے چھ سال سے جیل میں قید طالبِ علم اور سماجی کارکن شرجیل امام کے معاملے پر امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) کے بیان کو ’متعصبانہ، نامکمل معلومات پر مبنی اور جانبدارانہ‘ قرار دیا ہے۔
یو ایس سی آئی آر ایف نے سنیچر کے روز شرجیل امام کی حراست کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’مسلمان شہری شرجیل امام کو مذہبی آزادی کی وکالت کرنے پر انڈیا میں حراست میں رکھا گیا ہے۔‘
اس بیان پر امریکہ میں انڈیا کے سفیر ونے موہن کواترا نے ردِعمل دیا اور کمیشن کے مؤقف سے اختلاف کیا ہے۔
جے این یو (جواہر لعل نہرو یونیورسٹی) کے سابق طالب علم شرجیل امام گذشتہ تقریباً چھ برس سے جیل میں ہیں۔
دہلی پولیس نے انھیں 28 جنوری 2020 کو ریاست بہار کے شہر جہان آباد سے گرفتار کیا تھا۔
ان پر شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز (این آر سی) کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے دوران علی گڑھ اور دیگر مقامات پر مبینہ طور پر اشتعال انگیز تقاریر کرنے اور بغاوت کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
یو ایس سی آئی آر ایف (امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی) ایک خودمختار امریکی ادارہ ہے جس میں امریکہ کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں، ریپبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹیوں، کے نمائندے شامل ہوتے ہیں۔
یہ کمیشن 1998 میں انٹرنیشنل ریلیجس فریڈم ایکٹ کے تحت قائم کیا گیا تھا۔ اگرچہ یہ امریکی وفاقی حکومت کا ایک ادارہ ہے، تاہم یہ امریکی محکمہ خارجہ سے الگ اور آزادانہ طور پر کام کرتا ہے۔
کمیشن مختلف ممالک میں مذہبی آزادی کی صورتحال کا جائزہ لیتا ہے اور امریکی حکومت اور کانگریس کو اپنی سفارشات پیش کرتا ہے۔
یو ایس سی آئی آر ایف نے کیا کہا؟
متنازع شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت پر گرفتار مسلم احتجاجی مظاہرین کی رہائی کے لیے یو ایس سی آئی آر ایف نے اپیل کی تھی (فائل فوٹو)امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) نے اپنی ویب سائٹ پر شرجیل امام کے بارے میں لکھا ہے کہ جنوری 2020 میں انھیں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
کمیشن کے مطابق، حکام نے شرجیل امام پر الزام عائد کیا تھا کہ انھوں نے مظاہروں کے دوران کی گئی تقاریر کے ذریعے فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دی۔
یو ایس سی آئی آر ایف نے مزید لکھا کہ اگست 2020 میں ایف آئی آر 59/2020 کے تحت شرجیل امام پر ہنگامہ آرائی، قتل، قتل کی کوشش، بغاوت، مذہبی بنیادوں پر دشمنی کو فروغ دینے، غیر قانونی سرگرمیوں، دہشت گردی سے متعلق جرائم، دہشت گردی کے لیے مالی وسائل اکٹھا کرنے اور سازش کرنے سمیت متعدد الزامات عائد کیے گئے۔
کمیشن نے شرجیل امام کی طویل حراست پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے اور انھیں اپنے ضمیر اور عقیدے کے اظہار کے باعث قید افراد سے متعلق اپنی فہرست میں شامل کیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) دنیا کے مختلف ممالک میں مذہبی آزادی کی صورتحال پر نظر رکھتا ہے۔ یہ ادارہ ماضی میں بھی اپنی رپورٹس میں انڈیا میں مذہبی آزادی سے متعلق خدشات کا اظہار کرتا رہا ہے۔
یو ایس سی آئی آر ایف نے مزید لکھا کہ اگست 2020 میں ایف آئی آر 59/2020 کے تحت شرجیل امام پر مہلک ہتھیار کے ساتھ ہنگامہ آرائی، قتل، قتل کی کوشش، بغاوت، مذہب کی بنیاد پر دشمنی کو فروغ دینے، غیر قانونی سرگرمیوں، دہشت گردی کی کارروائیوں، دہشت گردی کے لیے مالی وسائل اکٹھا کرنے اور سازش کرنے سمیت متعدد الزامات عائد کیے گئے تھے۔
یہ تمام تفصیلات یو ایس سی آئی آر ایف نے اپنی ویب سائٹ پر شرجیل امام کے مقدمے کے بارے میں شائع کی ہیں۔
انڈین سفیر کا سخت ردِعمل
ونے موہن کواترا نے کمیشن کے جائزے کو جانبدارانہ، نامکمل معلومات پر مبنی اور تعصب سے متاثر قرار دیا (فائل فوٹو)امریکہ میں انڈیا کے سفیر ونے موہن کواترا نے شرجیل امام کے بارے میں یو ایس سی آئی آر ایف کے بیان پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کمیشن کو انڈین شہریوں کے آئینی حقوق کے بارے میں فیصلہ سنانے کا کوئی حق حاصل نہیں۔
کواترا نے یو ایس سی آئی آر ایف کے مؤقف کو ’متعصبانہ، نامکمل معلومات پر مبنی اور جانبدارانہ‘ قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ اس نوعیت کے جائزے مذہبی آزادی اور تمام مذاہب کے لیے مساوی حقوق سے متعلق انڈیا کے آئینی عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یو ایس سی آئی آر ایف کو دوسروں کو نصیحت کرنے کے بجائے اپنے تعصبات کا جائزہ لینا چاہیے۔
جے این یو کے سابق طالب علم شرجیل امام جنوری 2020 سے جیل میں ہیں۔ (فائل فوٹو)ادھر یو ایس سی آئی آر ایف نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ 2025 کے دوران انڈیا میں مذہبی آزادی کی صورتحال مزید بگڑی ہے اور اسی بنیاد پر اس نے انڈیا کو کنٹریز آف پارٹیکولر کنسرن (سی پی سی) کی فہرست میں شامل کرنے کی سفارش کی ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انڈیا میں قومی اور ریاستی سطح پر ایسے قوانین منظور کیے گئے ہیں جو مذہبی اقلیتوں کی مذہبی آزادی کو متاثر کرتے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انڈیا میں پناہ گزینوں کو ملک سے نکالا جا رہا ہے اور ہندوتوا اور قوم پرست گروہوں کی جانب سے اقلیتوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
تاہم انڈین حکومت اس رپورٹ کو مسترد کر چکی ہے۔ اس سے قبل یو ایس سی آئی آر ایف نے را اور آر ایس ایس پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جس پر انڈیا نے سخت ردِعمل دیا تھا۔
انڈین وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ یو ایس سی آئی آر ایف کی رپورٹ ’واضح طور پر جانبدارانہ اور محرکات پر مبنی‘ ہے۔
شرجیل امام کا مقدمہ کیا ہے؟
شرجیل امام کے چچا ارشد امامشرجیل امام بہار کے ضلع جہان آباد کے قصبے کاکو کے رہائشی ہیں۔ ان کے والد اکبر امام دو مرتبہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں۔
اکبر امام نے آخری بار 2005 میں جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا تھا، تاہم وہ 2250 ووٹوں کے فرق سے شکست کھا گئے تھے۔
شرجیل امام نے ابتدائی تعلیم کاکو سے حاصل کی۔ بعد ازاں وہ پٹنہ کے سینٹ زیویئرز سکول میں زیرِ تعلیم رہے، پھر دہلی کے ڈی پی ایس وسنت کنج سے تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد انھوں نے آئی آئی ٹی بمبئی سے کمپیوٹر سائنس انجینیئرنگ کی ڈگری حاصل کی اور پھر پی ایچ ڈی کے لیے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں داخلہ لیا۔
شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز (این آر سی) کے خلاف احتجاج کے دوران شرجیل امام کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ’اگر ہم آسام کے لوگوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو آسام کو انڈیا سے کاٹنا ہو گا۔‘
خود کو شاہین باغ میں جاری احتجاجی دھرنے کے اہم منتظمین میں شمار کرنے والے شرجیل امام نے دو جنوری کو دھرنا ختم کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
ایک کیس میں بریت کے باوجود شرجیل قید کیوں ہیں؟
سپریم کورٹ نے اسی سال جنوری میں دہلی فسادات کی مبینہ سازش سے متعلق مقدمے میں عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیںفروری 2023 میں دہلی کی عدالت نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے قریب ہونے والے تشدد سے متعلق مقدمے میں جے این یو کے ایک طالب علم اور 10 دیگر ملزمان کو بری کر دیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ ’اختلافِ رائے کا اظہار بھی آزادیِ اظہار جیسے بنیادی حق کا تسلسل ہے۔‘
تاہم شرجیل امام عدالتی تحویل سے رہا نہیں ہوئے کیونکہ انھیں 2019 میں دہلی میں ہونے والے تشدد سے متعلق تین دیگر مقدمات کا سامنا تھا۔
عدالت نے انھیں صرف 13 دسمبر 2019 کو ہونے والے تشدد سے متعلق مقدمے میں بری کیا تھا۔
شرجیل امام پر 15 دسمبر 2019 کو کی گئی ایک تقریر کے ذریعے تشدد پر اکسانے کا بھی الزام ہے۔ ان پر 2020 کے شمال مشرقی دہلی فسادات کے دوران تشدد بھڑکانے کے الزامات بھی عائد کیے گئے، جن کی بنیاد پر ان کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کے تحت کارروائی کی گئی۔
اسی سال جنوری میں سپریم کورٹ نے دہلی فسادات کی مبینہ سازش سے متعلق مقدمے میں عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔
تاہم سپریم کورٹ نے اسی مقدمے میں دیگر پانچ ملزمان، گلفشاں فاطمہ، میران حیدر، شفاء الرحمٰن، محمد سلیم خان اور شاداب احمد کو ضمانت دے دی تھی۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
BBC World Service کی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے ذیل میں دیے گئے لنک کلک کیجیے۔
گوگل پلے سٹور سے اینڈروئڈ ڈیوائسزکے لیے بی بی سی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
ایپ سٹور سے آئی فون اور آئی پیڈ کے لیے بی بی سی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں