وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو سزا حکومت نے نہیں بلکہ عدالت نے سنائی ہے، اور اب وہ خرابی صحت کو جواز بنا کر سزا معافی اور ریلیف کے خواہاں ہیں۔
اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کسی قسم کا انتقامی سلوک نہیں کیا جا رہا، تاہم ان کی جماعت طویل عرصے سے این آر او حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی 190 ملین پاؤنڈ کے مقدمے میں سزا یافتہ ہیں اور اگر 60 ارب روپے کے اس معاملے کو نظر انداز کرنا ہے تو پھر ملک کی جیلوں میں بند تمام قیدیوں کے لیے عام معافی کا اعلان کر دینا چاہیے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ برطانیہ سے موصول ہونے والی رقم سرکاری خزانے کے بجائے نجی کھاتے میں منتقل کی گئی۔ ان کے بقول، اگر امریکا، برطانیہ یا یورپ میں کوئی سیاسی رہنما ایسا اقدام کرے تو وہ عمر بھر عوام کا سامنا نہیں کر سکتا، مگر پاکستان میں اتنے بڑے مالی معاملے کے باوجود مظلومیت کا تاثر دیا جا رہا ہے۔
ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے دور میں نواز شریف اور مرحومہ کلثوم نواز کی علالت کا تمسخر اڑاتے تھے اور اپوزیشن رہنماؤں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بناتے رہے۔ انہوں نے اپنا ذاتی تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بازو کے آپریشن کے محض تین روز بعد انہیں نیب کا نوٹس موصول ہوا اور حراست میں لے لیا گیا، جبکہ طبی ہدایات کے باوجود فزیوتھراپی کی سہولت نہ ملنے کے باعث ان کا بازو مستقل طور پر ٹیڑھا رہ گیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ انسان جو الفاظ ادا کرتا ہے وہی لوٹ کر اس کے سامنے آتے ہیں اور قدرت اب انہیں اس بات کا احساس دلا رہی ہے کہ کسی کی بیماری کا مذاق نہیں اڑانا چاہیے۔
جیل میں قیدیوں کے حقوق سے متعلق بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کسی بھی قیدی کے خلاف انتقامی کارروائی کے حق میں نہیں اور تمام اسیران کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کو بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق ہمدردی ہے اور انہیں ضرورت کے مطابق تمام طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ دیسی مرغ سمیت مرغن ناشتہ اور ان کی پسند کی معیاری خوراک بھی مہیا کی جا رہی ہے۔