پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

image

پاکستان اور ترکمانستان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے نائب چیئرمین کابینہ و وزیر خارجہ رشید میریدوف نے دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے درمیان 2026 سے 2030 تک تعاون کے پروگرام اور پروٹوکول پر دستخط کیے۔ اس موقع پر پاکستان کی وزارتِ بین الصوبائی رابطہ اور ترکمانستان کی وزارتِ ثقافت کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت بھی طے پائی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اور رشید میریدوف نے وزارتِ خارجہ اسلام آباد میں پاکستان اور ترکمانستان کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، غذائی تحفظ، ٹرانسپورٹ، مواصلات، صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، تعلیم، صحت، بینکاری، سیاحت، کھیل اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بجلی کے شعبے میں اشتراک، ٹرانزٹ تجارت اور علاقائی رابطوں کے فروغ کے امکانات بھی زیر غور آئے۔

دونوں ممالک نے کاروباری اداروں کے درمیان روابط، ادارہ جاتی شراکت داری اور عوامی سطح پر تبادلوں کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ طے پانے والے معاہدوں اور فیصلوں پر مؤثر عمل درآمد کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس تشکیل دینے، ادارہ جاتی رابطہ کاری بڑھانے اور پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو عملی معاشی اور سماجی فوائد میں تبدیل کیا جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزرائے توانائی، تجارت اور پیٹرولیم، وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، وزیر مملکت برائے قومی ورثہ و ثقافت سمیت مختلف وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے علاقائی مسائل کے حل اور پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ناگزیر قرار دیا، جبکہ ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید میریدوف نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US