ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رافت دالکیران نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور پاک ترک دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات کو اجاگر کیا اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری کو سراہا۔
ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رافت دالکیران نے بھی پاک ترک دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا۔