پاکستان نے فتح 3 (Fatah-3) سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا، جسے ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح 3 جدید نیویگیشن اور پروپلشن سسٹمز سے لیس ہے اور طویل فاصلے پر موجود اہداف کو سپرسونک رفتار سے انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 3 کی شمولیت سے پاک فوج کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل لچک اور اسٹرائیک رینج میں نمایاں اضافہ ہوگا، جبکہ میزائل ملکی مجموعی روایتی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، مسلح افواج کے سینئر افسران، منصوبے پر کام کرنے والے سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور دیگر سروسز چیفس نے فتح 3 کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں، انجینئرز اور متعلقہ تمام اہلکاروں کو مبارکباد دی اور ان کی لگن، محنت اور عزم کو سراہا۔