وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پیپلز پارٹی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں 17 سالہ حکمرانی نے عوام کا خون نچوڑ لیا، نئے انتظامی یونٹس بنانے کی بات کسی صوبے کو نشانہ بنانے کے لیے نہیں بلکہ طرز حکمرانی بہتر بنانے کے لیے کی جا رہی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ ملک بھر میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر بحث جاری ہے، اس کا مقصد ان علاقوں میں انتظامی اقدامات کرنا ہے جہاں گورننس کے مسائل ہیں۔ کسی کی خواہش پر کسی صوبے کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں 70 فیصد حکمرانی پیپلز پارٹی کے پاس ہے، تین صوبوں میں اس کی حکومت ہے جبکہ چیئرمین سینیٹ کا تعلق بھی اسی جماعت سے ہے، اس کے باوجود انتظامی یونٹس کے معاملے کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ بلاول آئین سازی کا کریڈٹ اپنی جماعت کو دیتے ہیں تو پھر عوام کی رائے لینے سے خوفزدہ کیوں ہیں؟ ان کے بیانات ایسے ہیں جیسے وہ اپوزیشن لیڈر ہوں۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان حکومتی معاملات سے متعلق طویل المدتی معاہدہ موجود ہے اور پیپلز پارٹی کسی صورت حکومت سے الگ نہیں ہو سکتی۔
بانی پی ٹی آئی کے 190 ملین پاؤنڈ کیس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس مقدمے میں سزا بھگت رہے ہیں، عدالتوں میں ان کے وکلا تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ دلائل کے ذریعے کرپشن کے مقدمات نہیں جیتے جاسکتے۔