15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی سے لدا کارگو پورٹ قاسم پر لنگر انداز

image

ایل پی جی شعبے میں اصلاحات کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے، نئے نظام کے تحت پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کارگو پورٹ قاسم پہنچ گیا۔

15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی سے لدا کارگو اینگرو ووپاک ٹرمینل پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوگیا، جس کی آمد پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سپیشل سیکریٹری پٹرولیم مرزا ناصر الدین مشہود نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر سپیشل سیکریٹری پٹرولیم ڈویژن نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی ہدایت پر عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ 15 ہزار میٹرک ٹن کا ریکارڈ کارگو ایل پی جی کے شعبے میں نئے دور کا آغاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی درآمد میں اضافے سے مارکیٹ میں اس کی دستیابی بہتر ہوگی اور قیمتوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ ماضی میں ریگولیٹری رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیاں ایل پی جی درآمد نہیں کر رہی تھیں، تاہم نئے نظام کے تحت حکومت نے سرکاری کمپنیوں کو ایل پی جی کی درآمد میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایل پی جی کی درآمد میں اضافے سے موسم سرما کے دوران پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں بھی گیس کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ آنے والے ہفتوں میں مزید ایل پی جی کارگوز کی آمد متوقع ہے، جس سے اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی کی دستیابی بہتر اور عوام کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

ای وی ٹی ایل کے چیف ایگزیکٹیو عمار شاہ نے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے ایل پی جی کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

تقریب میں ایم ڈی ایس ایل ایل جواد علی خان، سرمد اسلم، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اوگرا اور اینگرو ٹرمینل کے اعلیٰ حکام سمیت دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US