مخصوص نشستوں اور انتخابی نشان سے متعلق بلاول بھٹو کے مؤقف پر ذرائع الیکشن کمیشن کا ردعمل آگیا

image

الیکشن کمیشن کے ذرائع نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے کراچی پریس کلب میں دیے گئے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کی گفتگو میں انتخابی قوانین اور بنیادی حقائق کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آئینی اور قانونی تقاضوں کے تحت مخصوص نشستیں صرف ان سیاسی جماعتوں کو تفویض کی جاسکتی ہیں جو باقاعدہ جماعتی حیثیت میں الیکشن لڑیں، اور اس کے لیے لازم ہے کہ انتخابات سے قبل مقررہ وقت کے اندر امیدواروں کی ترجیحی فہرست جمع کرائی جائے، تاہم پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ایسی کوئی فہرست جمع نہیں کرائی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع نے پی ٹی آئی سے انتخابی نشان واپس لینے کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دینے سے متعلق بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر مزید واضح کیا کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعات 208 اور 209 تمام سیاسی جماعتوں کو شفاف انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا پابند بناتی ہیں، جبکہ پی ٹی آئی اپنے پارٹی آئین اور مقررہ قانونی معیار کے مطابق یہ انتخابات کرانے میں ناکام رہی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US