بلاول بھٹو کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے: سعید غنی

image

صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر اور غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔

کراچی سے جاری کردہ بیان میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی گفتگو پر وفاقی حکومت کے وزراء کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے اور ایک کے بعد ایک وزیر اس پر بیان بازی کر رہا ہے۔ سعید غنی کے مطابق بلاول بھٹو اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ صوبے کی آڑ میں ایک مخصوص سیاسی کھیل کھیلا جا رہا ہے۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ ماضی میں کراچی کے اندر ہونے والے لسانی فسادات کے نتیجے میں ہزاروں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تھا۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے تنقید کی کہ نفرتیں اور فسادات پھیلانے والے خود ہیں لیکن ذمہ داری بلاول بھٹو پر عائد کی جا رہی ہے۔

صوبائی وزیر نے الزام عائد کیا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) شہر میں دوبارہ نسلی فسادات، خونریزی اور تصادم کی فضا پیدا کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر معاشرے میں نفرتوں کو اسی طرح ہوا دی گئی تو اس سے امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US