36 سے 32 تک کا سفر: برطانوی ایوی ایشن رپورٹ میں بھارتی رافیل بیڑے میں کمی کی تصدیق

image

برطانوی ایوی ایشن جریدے 'فلائٹ انٹرنیشنل' (Flight International) کی جانب سے جاری کردہ سال 2027 کی 'ورلڈ ایئرفورسز ڈائریکٹری' کے مطابق بھارتی فضائیہ کے زیرِ استعمال رافیل لڑاکا طیاروں کی تعداد کم ہو کر 32 رہ گئی ہے، جو اس سے قبل 36 تھی۔ اس حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹس اور پاکستانی مؤقف کے مطابق، ان اعداد و شمار سے 'معرکہ حق' کے دوران بھارتی طیاروں کی تباہی سے متعلق پاکستان کے دعوؤں کی تائید ہوتی ہے۔

'فلائٹ انٹرنیشنل' کی گزشتہ رپورٹس کا جائزہ لیا جائے تو 2025 کی ڈائریکٹری میں بھارتی فضائیہ کے پاس موجود رافیل طیاروں کی تعداد 36 درج تھی، جسے 2026 کی ڈائریکٹری میں ایک طیارے کی کمی کے ساتھ 35 کر دیا گیا تھا، اور اب 2027 کی فہرست میں یہ تعداد مزید کم ہو کر 32 ظاہر کی گئی ہے۔

پاکستانی حکام اور عسکری ذرائع کے دعوؤں کے مطابق، گزشتہ برس بھارتی جارحیت کے جواب میں پاک فضائیہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 4 رافیل طیاروں سمیت بھارت کے مجموعی طور پر 8 طیارے مار گرائے تھے۔ اس سے قبل ایک اور برطانوی دفاعی جریدے 'کِی ایرو' (Key Aero) نے بھی اپنی ایک تحقیقی رپورٹ میں اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی 52 منٹ طویل فضائی جھڑپ میں بھارتی فضائیہ کے 4 رافیل طیارے تباہ ہوئے تھے۔

'کِی ایرو' کی رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ تباہ ہونے والے ان چار طیاروں کے سیریل نمبرز بی ایس 001، بی ایس 021، بی ایس 022 اور بی ایس 027 تھے، اور بھارت کی جانب سے ان مخصوص نمبروں کے حامل طیاروں کی موجودگی ثابت کرنے کے لیے کوئی واضح شواہد یا تصاویر پیش نہیں کی جاسکیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ اس جھڑپ کے دوران پاکستان کے ملٹی ڈومین آپریشنز نے بھارتی فضائیہ کی کارروائیوں کو شدید متاثر کیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US