وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے وزیر داخلہ و کمانڈر انٹرنل سیکیورٹی فورس (لخویا) شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں پاک قطر تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور دوطرفہ اقتصادی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے قطر کے معزز مہمان کو پاکستان کے پہلے دورے پر پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دورے سے دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون مزید مستحکم ہوگا۔
وزیراعظم نے امیر قطر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے لیے قطری قیادت کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں قطر کی جانب سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی مسلسل فراہمی کو بھی سراہا۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ تقریباً 3 لاکھ پاکستانی قطر میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور قطر کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارت و سرمایہ کاری، زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں پاک قطر اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی نے پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور امیر قطر کی جانب سے وزیراعظم کے لیے تہنیتی پیغامات اور نیک خواہشات پہنچائیں۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے قطر کی انٹرنل سیکیورٹی فورس (لخویا) اور پاکستان کی فیڈرل کانسٹیبلری کے درمیان سیکیورٹی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایکشن پلان پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔
دستاویزات پر قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی اور پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے اپنے اپنے ممالک کی جانب سے دستخط کیے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، توانائی کے امور پر معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر سے آئے ہوئے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔