متنازع مذہبی و امتیازی نعرے بازی: یوئیفا نے انگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن پر بھاری جرمانہ عائد کردیا

image

یورپی فٹبال کی تنظیم یوئیفا نے نیشنز لیگ کے ایک میچ کے دوران تماشائیوں کی جانب سے کیتھولک اور آئرش مخالف نعرے بازی کرنے پر انگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں انگلش شائقین نے مذہبی اور امتیازی نوعیت کے نعرے لگائے تھے، جس کا نوٹس لیتے ہوئے یوئیفا نے انگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن پر 15 ہزار یورو (جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 45 لاکھ 57 ہزار روپے بنتے ہیں) کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ اس کے علاوہ مہمان شائقین کے اسٹیڈیم میں داخلے پر ایک میچ کی معطل پابندی بھی عائد کی گئی ہے، جو آئندہ دو برسوں کے دوران کسی بھی دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر نافذ ہو جائے گی۔

دوسری جانب انگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن کے ترجمان نے اس واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے توہین آمیز اور ناقابل قبول طرز عمل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق متعلقہ حکام اور پولیس مل کر نعرے بازی میں ملوث افراد کی نشاندہی کر رہے ہیں تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

یہ واقعہ اس میچ کے دوران پیش آیا جس میں انگلینڈ نے اسپین کو تین کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر نہ صرف گروپ میں سرفہرست پوزیشن حاصل کی تھی بلکہ اسپین کا مسلسل 43 میچوں میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US