مالی خسارہ اور بڑھتے اخراجات: ندیم عمر نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فروخت کرنے کی تصدیق کردی

image

پاکستان سپر لیگ کی مقبول ترین فرنچائزز میں سے ایک کے مالک ندیم عمر نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم کو فروخت کرنے کے منصوبوں کی تصدیق کر دی ہے۔

ندیم عمر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں یقین نہیں ہے کہ وہ آئندہ سال مارچ اپریل میں ہونے والے پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں بھی ٹیم کے مالک ہوں گے یا نہیں۔

انہوں نے کہا، "میرے خیال میں اب ہمارے لیے پی ایس ایل کو الوداع کہنے کا صحیح وقت ہے اور اگر ہمیں مناسب پیشکش ملتی ہے اور ہماری چند شرائط پوری ہوتی ہیں تو ہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فرنچائز فروخت کرنے کے لیے تیار ہیں۔"

کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر نے یہ بھی محسوس کیا کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے مقابلہ کرنے کی کوشش کرنا ایک غلطی تھی۔ "ہم آئی پی ایل یا ان کی مارکیٹ کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ ان کے مقابلے میں ہماری مارکیٹ بہت محدود ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے پاس ایسے اسپانسرز اور تجارتی ادارے نہیں ہیں جو پی ایس ایل میں اسی طرح پیسہ لگائیں جیسا کہ آئی پی ایل میں لگایا جاتا ہے۔"

"آئی پی ایل میں مرچنڈائزنگ (مصنوعات کی فروخت) بہت بڑے پیمانے پر ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ آئی پی ایل میں فرنچائزز کے لیے نشریاتی حقوق کے حصے کے علاوہ ہوم اور اوے میچوں کی گیٹ منی (ٹکٹوں کی آمدنی) بھی کمائی کا بڑا ذریعہ ہیں۔ پاکستان میں مرچنڈائزنگ ناممکن ہے۔ ہم ایک آفیشل شرٹ 1000 روپے میں متعارف کراتے ہیں، وہی چیز کاپی ہو کر بازار میں 200 روپے میں فروخت ہوتی ہے، جس سے ہم آمدنی کے ایک بڑے ذریعے سے محروم ہو جاتے ہیں۔"

انہوں نے کہا کہ جہاں تک آئی پی ایل کا تعلق ہے، بات کرکٹ کی نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی صورتحال کی تھی اور پی ایس ایل میں سب کے لیے معاشی گنجائش اتنی بڑی نہیں تھی۔ "بس آئی پی ایل کی ٹیموں کی مالیت دیکھ لیں، ان کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔"

اگر ندیم عمر ٹیم فروخت کرنے کے اپنے منصوبے پر آگے بڑھتے ہیں تو گزشتہ سال ملتان سلطانز کے بعد ان کی ٹیم پی ایس ایل میں مالکان تبدیل کرنے والی دوسری ٹیم ہوگی۔

انہوں نے صاف گوئی سے کہا، "مجھے لگتا ہے کہ ہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جو کامیابی دے سکتے تھے، وہ نہیں دے سکے۔ اصل بات یہ ہے کہ سات سال تک ہم خسارے میں رہے۔ میرے پاس بہت سے منصوبے تھے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ ہم ان سب کو حاصل کر سکے۔"

کوئٹہ نے پی ایس ایل کے اپنے سفر میں چار بار فائنل کھیلا لیکن صرف ایک بار جیتنے میں کامیاب رہی، اور ندیم عمر نے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک بہت بڑی مایوسی رہی۔

"میں نے یہ ٹیم صرف کاروبار کے طور پر نہیں خریدی تھی، میں پاکستان کرکٹ کے لیے بھی کچھ کرنا چاہتا تھا۔ میں کوئٹہ میں میچز کرانا چاہتا تھا۔ میں بلوچستان کے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنا چاہتا تھا۔ لیکن کئی وجوہات کی بنا پر ایسا نہ ہو سکا۔"

"بدقسمتی سے میرے خیال میں یہ لیگ کئی حوالوں سے ہمارے لیے بہت بڑی ہو گئی ہے۔ مجھے لگتا تھا کہ اسے محدود رہنا چاہیے تھا۔ اب ٹیموں پر خرچ کی جانے والی رقم میں اضافہ میری سمجھ سے بالاتر ہے۔"

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی برانڈنگ اور مقبولیت اس کی مسابقتی کرکٹ اور صاف ستھرے مالی معاملات کی وجہ سے تھی۔ "یہ کبھی بھی بڑے کھلاڑیوں کو لانے یا بڑے پیسے کا کھیل نہیں تھا۔"

انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے تمام بین الاقوامی کھلاڑی ہر چیز پر آئی پی ایل کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ اس میں ان کے لیے بہت زیادہ پیسہ شامل ہے۔ "میرا مؤقف یہ ہے کہ محدود وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں اپنی ابتدائی کامیابی کے عوامل پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے تھی۔"

دو نئی ٹیموں کی خریداری اور ملتان سلطانز کی دوبارہ فروخت پر خرچ کی جانے والی بڑی رقوم کے بارے میں پوچھے جانے پر، ایک کامیاب کاروباری شخصیت ندیم عمر نے کہا کہ اب کچھ مالکان کے لیے پی ایس ایل کاروباری مواقع اور شہرت کا ذریعہ بن چکا ہے۔ "وہ پی ایس ایل کو بڑے کاروباری مقاصد کے حصول کی سیڑھی کے طور پر دیکھتے ہیں۔ ہم نے اسے کبھی اس نظر سے نہیں دیکھا۔ ہمارے لیے یہ سب کچھ صرف کرکٹ ہے۔"

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ بین الاقوامی لیگز کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ میں پی ایس ایل کو کس مقام پر رکھتے ہیں، تو انہوں نے کہا کہ اب بھی یہ لیگ کم از کم سرفہرست تین لیگز میں شمار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے کہ آئی پی ایل فرنچائز مالکان اپنی نیلامی میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کو پابند کر لیتے ہیں، قطع نظر اس کے کہ انہیں کھیلنے کا موقع ملے یا نہ ملے۔

ندیم عمر نے یہ بھی اعتراف کیا کہ 2016 میں جب پی ایس ایل کا آغاز ہوا تھا تو کوئٹہ فرنچائز کو سب سے کم بولی (1.1 ملین ڈالر سالانہ) پر خریدنے کی وجہ سے وہ مالی معاملات کو سنبھالنے میں کامیاب رہے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US