ریسلنگ کی دنیا کے سپر اسٹار ڈوین جانسن، جنہیں مداح ’دی راک‘ کے نام سے جانتے ہیں، نے ایک بار پھر ڈبلیو ڈبلیو ای (WWE) میں واپسی کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
نجی شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے تصدیق کی کہ وہ رواں ماہ 28 نومبر کو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں منعقد ہونے والے بڑے ایونٹ ’سروائیور سیریز‘ میں شریک ہوں گے۔ اس ایونٹ میں شرکت کے لیے انہوں نے اپنی نئی فلم کی تشہیری مہم کا شیڈول بھی ایک ہفتہ آگے بڑھا دیا ہے۔
دی راک کی یہ واپسی ان کے کیریئر کے ایک خاص سنگِ میل کے موقع پر ہو رہی ہے، کیونکہ رواں سال سروائیور سیریز میں ان کے ڈبلیو ڈبلیو ای ڈیبیو کو 30 برس مکمل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے 1996 میں ’راکی مائیویا‘ کے نام سے اسی ایونٹ میں اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔
اس سے قبل دی راک آخری مرتبہ مارچ 2025 کے ’ایلیمینیشن چیمبر‘ میں ڈبلیو ڈبلیو ای اسکرین پر دکھائی دیے تھے، جہاں کوڈی روڈز پر جان سینا کے حملے اور منفی کردار اپنانے کے واقعے میں وہ مرکزِ نگاہ رہے تھے۔
ایونٹ میں ان کے آئندہ کے کردار سے متعلق تفصیلات تاحال مخفی رکھی گئی ہیں، تاہم ایونٹ میں ’بلڈ لائن‘ کے شیڈول وار گیمز مقابلے اور کوڈی روڈز سے پرانی کشیدگی کے باعث ان کی آمد کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔