سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان ایک انتہائی ضروری فتح کے مزید قریب پہنچ گیا ہے، تاہم مہمان ٹیم نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے 153 رنز کے خسارے کو 82 رنز کی برتری میں بدل دیا ہے اور راولپنڈی اسٹیڈیم میں اس کی ایک وکٹ ابھی باقی ہے۔
پاکستان کو پہلی اننگز میں 223 رنز کی برتری دینے کے بعد سری لنکا نے چوتھے دن کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنا لیے تھے۔
میزبان ٹیم کو اس وقت دھچکا لگا جب نئے گیند کے فاسٹ بولر ثاقب خان ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے، جو تیسرے روز کے آخری سیشن میں اوپنر لاہیرو ادارا کی وکٹ لینے اور زخمی ہونے کے بعد چوتھے دن بولنگ نہ کر سکے۔
میچ میں مزید بولنگ سے باہر ہونے کے بعد پاکستانی کپتان بابر اعظم کو اپنے باقی فاسٹ بولرز محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال سے کام چلانا پڑا جنہوں نے کپتان کو مایوس نہ کیا، اور تیسرے دن سری لنکا کو 78 رنز پر 3 وکٹوں تک محدود کرنے کے بعد جمعرات کو مزید پانچ وکٹیں آپس میں بانٹیں۔
عامر جمال نے تین جبکہ محمد عباس اور رضا اللہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، وہیں پارٹ ٹائم اسپنر سلمان علی آغا نے سری لنکن کپتان کوسل مینڈس کی اہم وکٹ حاصل کی، جنہیں انہوں نے 126 گیندوں پر 53 رنز کی قیمتی اننگز کھیلنے کے بعد بولڈ کیا۔
سری لنکا کو آج صبح اس وقت ابتدائی نقصان اٹھانا پڑا جب 99 کے مجموعی اسکور پر جمال نے دھننجایا ڈی سلوا کو 37 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا، جبکہ اوپنر پسیندو سوریا بندارا بھی 38 رنز بنا کر لنچ سے قبل پویلین لوٹ گئے۔
کوسل مینڈس، سونل دنوشا (54) اور میلان رتنائیکے (60 ناٹ آؤٹ) کی نصف سنچریوں کی بدولت مہمان ٹیم باقی دونوں سیشنز میں آل آؤٹ ہوئے بغیر کھیلنے میں کامیاب رہی۔
کم روشنی کے باعث کھیل ختم ہونے سے قبل پاکستانی بولرز نے شاندار واپسی کی جب محمد عباس نے دوسری نئی گیند کے ساتھ ٹیل اینڈرز پرابھات جے سوریا اور کمارا کو جلد آؤٹ کر دیا۔ میلان رتنائیکے نے اب تک 82 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے مزاحمتی اننگز کھیل کر ایک اینڈ سنبھالے رکھا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اپنے گزشتہ چار ٹیسٹ میچوں میں شکست کے بعد پاکستان کو اس فتح کی اشد ضرورت ہے۔