کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت (سی اے ایس) نے اعلان کیا ہے کہ وہ افریقی نیشنز کپ کے ٹائٹل سے متعلق سینیگال کی اپیل پر کل 24 نومبر کی سہ پہر فیصلہ سنائے گی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس فیصلے سے یہ واضح ہوگا کہ رواں سال کا ٹائٹل سینیگال کو ملے گا یا مراکش کو چیمپئن تسلیم کیا جائے گا۔
جنوری میں رباط میں ہونے والے فائنل میں سینیگال نے اضافی وقت میں میزبان مراکش کو 0-1 سے ہرا کر میدان مارا تھا۔ تاہم میچ کے اختتامی لمحات میں سینیگال کے خلاف پنالٹی ملنے پر اس کے کھلاڑی احتجاجاً فیلڈ سے باہر چلے گئے تھے۔ تقریباً 14 منٹ کے وقفے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا، مراکش پنالٹی ضائع کر بیٹھا اور اضافی وقت میں سینیگال نے فتح سمیٹ لی۔
واقعے کے دو ماہ بعد افریقی فٹ بال کنفیڈریشن (سی اے ایف) کی اپیل کمیٹی نے سینیگال کے واک آؤٹ کو دستبرداری قرار دیتے ہوئے نتیجہ بدل کر مراکش کو 0-3 سے فاتح قرار دے دیا۔
سینیگال نے 25 مارچ کو اس اقدام کے خلاف سی اے ایس سے رجوع کیا، جس پر اکتوبر کے شروع میں لوزان میں فریقین کے دلائل سنے گئے۔
سینیگال کا مؤقف ہے کہ ریفری کے فیصلے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہو کر مکمل ہوا، اس لیے بعد میں نتیجہ بدلنا درست نہیں تھا۔
عدالت کے مطابق مکمل تحریری فیصلہ تیار کرنے میں وقت لگنے کے باعث فیصلے کا اعلان اب کیا جا رہا ہے۔