ٹائیگر شروف فائرنگ کیس میں بڑی پیش رفت، مرکزی ملزم گرفتار؛ کم عمر نکلا

image

بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے مقدمے میں پیش رفت سامنے آئی ہے اور واقعے کے تقریباً ایک ماہ بعد پولیس نے مرکزی ملزم کو حراست میں لے کر عدالت کے روبرو پیش کردیا ہے۔

مہاراشٹر کے انسدادِ منظم جرائم قانون (ایم سی او سی اے) کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سماعت کے دوران قرار دیا کہ گرفتار ہونے والا ملزم نابالغ ہے، جس کے باعث عدالت نے حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی کے لیے اسے جووینائل جسٹس بورڈ (جے جے بی) میں پیش کیا جائے۔

خصوصی عدالت کے جج ستیہ نارائن آر ناوندر نے جووینائل جسٹس (بچوں کی نگہداشت اور تحفظ) ایکٹ کی دفعہ 9 کے تحت ملزم کی عمر کا تعین مکمل ہونے کے بعد یہ احکامات صادر کیے۔ عمر کی جانچ پڑتال کا یہ عمل ملزم کے والد کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر شروع کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے مؤقف اپنایا تھا کہ واردات کے روز ان کا بیٹا اٹھارہ سال سے کم عمر تھا اس لیے اس پر نابالغوں کے قوانین کا اطلاق کیا جائے۔

عدالت میں تفتیشی افسر کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں ملزم کی تاریخِ پیدائش 30 نومبر 2008ء ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، جس کے مطابق وہ رواں ماہ کی 30 تاریخ کو 18 برس کا ہوجائے گا۔ اس کیس میں ہونے والی یہ پہلی گرفتاری ہے تاہم قانونی تقاضوں کے تحت ملزم کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ یہ واقعہ گزشتہ ماہ 18 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے جوہو میں اس وقت پیش آیا تھا جب ٹائیگر شروف فٹ بال گراؤنڈ سے واپس جا رہے تھے۔ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مبینہ حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے پانچ فائر کیے تھے۔ حملے میں اداکار کو معمولی زخم آئے تھے اور وہ بڑے نقصان سے محفوظ رہے، البتہ ان کا ڈرائیور اور موقع پر موجود ایک وی لاگر گولیاں لگنے کے باعث زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد لارنس بشنوئی گینگ سے مبینہ طور پر تعلق رکھنے والے انیل پنڈت نامی شخص نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US