صبح 6 بجے بھجن اور مفت کام کا شکوہ: ٹوئنکل کھنہ کی اکشے کمار سے نوک جھونک وائرل

image

بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار اور ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کی فون پر ہونے والی دلچسپ اور مزاحیہ گفتگو سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔

حال ہی میں اکشے کمار نے اداکار روی کشن کے ہمراہ کرن جوہر کے مقبول ٹاک شو ’کافی ود کرن‘ کے نویں سیزن میں شرکت کی، جہاں شو کے ایک حصے کے دوران اکشے کو پانچ پوائنٹس جیتنے کے لیے اپنی اہلیہ کو فون ملانا پڑا۔

فون کال موصول ہوتے ہی ٹوئنکل کھنہ نے بے ساختہ انداز میں اکشے کمار کی شکایت لگاتے ہوئے کہا کہ وہ رات بھر ٹھیک سے سو نہیں پائی تھیں اور صبح چھ بجے اکشے نے بھجن چلا کر اور گلوکار انوپ جلوٹا کے انداز میں بلند آواز سے گانا گا کر ان کی نیند میں خلل ڈالا۔ انہوں نے ازراہِ تفنن یہ بھی کہا کہ اکشے کو کم از کم باتھ روم کا دروازہ تو اچھی طرح بند کر لینا چاہیے۔

گفتگو کے دوران جب اکشے کمار نے انہیں آگاہ کیا کہ وہ اس وقت کرن جوہر کے شو میں موجود ہیں اور میزبان چاہتے ہیں کہ ٹوئنکل ریپڈ فائر راؤنڈ میں جج کے فرائض انجام دیں، تو ٹوئنکل نے حیرت اور مزاح کے ملے جلے تاثرات کے ساتھ جواب دیا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ وہ یہ سب کر رہے ہیں اور وہ بھی بغیر کسی معاوضے کے۔

اس جملے پر کرن جوہر نے بھی ہنستے ہوئے سوال کیا کہ کیا انہیں ہر کام کے لیے پیسے درکار ہوتے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین اس جوڑی کی حاضر جوابی اور خوشگوار تعلق کو خوب پسند کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ 17 جنوری 2001ء کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور ان کے دو بچے آرو اور نتارا ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US