بالکل جیا بچن جیسی حرکتیں کررہی ہیں، فواد خان کی اہلیہ کا انداز تنقید کی زد میں

image

”انہیں کچھ دیر کے لیے کیمرے کے سامنے سے ہٹ جانا چاہیے تھا، جیسے صنم سعید کے شوہر نے خود ایک مشہور اداکار ہونے کے باوجود کیا۔“ سوشل میڈیا پر ایک صارف نے فواد خان کی اہلیہ صدف فواد کے انداز پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا۔

پاکستان کے معروف اداکار فواد خان اپنی نئی نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ریلیز کے لیے تیار ہیں۔ یہ سیریز 4 دسمبر 2026 کو ریلیز ہوگی، جس کے ٹریلر اور میوزک لانچ کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں شوبز کی متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی، تاہم فواد خان اور ان کی اہلیہ صدف کی آمد سوشل میڈیا پر خاصی توجہ کا مرکز بن گئی۔

صدف فواد نے گہرے میرون رنگ کے پینٹ سوٹ کے ساتھ روایتی نیکلس پہن رکھا تھا، جبکہ فواد خان سرخ پھولوں کی کڑھائی والے سیاہ لباس میں نظر آئے۔

تقریب کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد صارفین نے صدف کے لباس، چہرے کے تاثرات اور رویے پر مختلف تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ وہ ناراض دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ دوسرے نے ان کے انداز کا موازنہ بھارتی اداکارہ جیا بچن سے کردیا۔

بعض صارفین نے فواد خان کے ساتھ ہر تصویر میں صدف کی موجودگی پر بھی اعتراض کیا، جبکہ کچھ کا خیال تھا کہ وہ تقریب میں زیادہ خوش یا مطمئن دکھائی نہیں دے رہی تھیں۔

تاہم صدف فواد کی جانب سے ان تبصروں پر کسی ردعمل کا ذکر سامنے نہیں آیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US