"میرے پاس نہ کوئی تجربہ تھا، نہ کوئی خاص صلاحیت، یہ محض میری خوش قسمتی تھی کہ میں صحیح وقت پر صحیح جگہ موجود تھا۔ اگر فلم ساز وی شانتارام کی نظر مجھ پر نہ پڑتی اور وہ مجھے ہیرو نہ بناتے تو شاید میں کبھی اداکار نہ بن پاتا۔ میرا بیٹا تشار مجھ سے کہیں بہتر اور زیادہ محنتی اداکار ہے۔"
بالی ووڈ کو کئی کامیاب فلمیں دینے والے سینئر اداکار جیتندر نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے فلمی سفر اور نجی زندگی سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنی صلاحیتوں کے بجائے قسمت اور فلم ساز وی شانتارام کو دیا۔
جیتندر نے اپنے بیٹے تشار کپور کی اداکاری اور کام سے لگن کی تعریف کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ محض باپ ہونے کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کی محنت کو دیکھ کر ایسا کہہ رہے ہیں۔
گفتگو کے دوران سینئر اداکار اپنے بچوں کے ساتھ وقت نہ گزارنے کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی بھی ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ تشار کو اپنے بیٹے کے ساتھ وقت گزارتے دیکھ کر انہیں اپنی زندگی کی ایک بڑی کمی کا احساس ہوتا ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ پیشہ ورانہ مصروفیات بچوں کو وقت نہ دینے کا جواز نہیں بن سکتیں اور اس بات کا پچھتاوا انہیں زندگی بھر رہے گا۔
واضح رہے کہ جیتندر کا شمار بھارتی سنیما کے کامیاب اداکاروں میں ہوتا ہے۔ ان کی مشہور فلموں میں ہمجولی، جینے کی راہ، کارواں، خوشبو، ہمت والا، دھرم ویر، جدائی، خودغرض اور جانی دشمن شامل ہیں۔