پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جرمن ایئرلائن یو ایس سی جی ایم بی ایچ نے پاکستان میں فضائی آپریشن شروع کرنے کی جانب اہم پیش رفت مکمل کرلی ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جرمن کمپنی یو ایس سی جی ایم بی ایچ کی نامزدگی قبول کرلی، جس کے بعد جرمنی اور پاکستان کے درمیان فضائی آپریشنز کے لیے ایک اہم ریگولیٹری مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جرمن ایئرلائن پاکستان کے دو بڑے شہروں کے لیے پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، نئی ایئرلائن کے آپریشنز سے پاکستان اور جرمنی کے درمیان سفری سہولیات میں اضافہ اور فضائی مارکیٹ میں مسابقت بڑھنے کی توقع ہے۔
ایئرلائن کے ممکنہ آپریشنز سے سیاحت، طیاروں کی لیزنگ، گراؤنڈ ہینڈلنگ اور مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق باقاعدہ پروازوں کے آغاز سے قبل دیگر ضروری آپریشنل منظوریوں اور تقاضوں کو مکمل کیا جائے گا۔