وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ڈی اے کے فائر بریگیڈ اسٹیشن کا دورہ کیا اور فائر فائٹنگ کے انتظامات اور ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم کا جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے فائر بریگیڈ اسٹیشن میں موجود فائر ٹینڈرز اور دیگر گاڑیوں کا معائنہ کیا، جبکہ کال سنٹر کا دورہ کرکے عملے کی موجودگی اور خدمات کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے بروقت ڈیوٹی پر موجود عملے کو شاباش بھی دی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈرائیور کے ہمراہ اسکائی لفٹ گاڑی میں بیٹھ کر فائر بریگیڈ اسٹیشن سے ایف 11 تک رسپانس ٹائم چیک کیا۔ اسکائی لفٹ گاڑی نے فائر بریگیڈ اسٹیشن سے ایف 11 تک کا سفر تقریباً 12 منٹ میں طے کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ فائر بریگیڈ اسٹیشن سے فائر فائٹنگ کے لیے گاڑی فوری طور پر روانہ ہونی چاہیے اور رسپانس ٹائم کو مزید کم کیا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ تیز تر اور فوری رسپانس سے بڑے نقصان سے بچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ہنگامی صورتحال میں فائر بریگیڈ کے فوری ردعمل کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔