ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ضلع لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید تین روز کی توسیع کر دی، جس کے بعد پابندیاں 29 نومبر تک برقرار رہیں گی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حساس سکیورٹی خدشات اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، جلوس اور غیر قانونی اجتماعات کے لیے لوگوں کو اکسانے پر پابندی عائد رہے گی۔
نوٹیفکیشن کے تحت شادی بیاہ کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین اور عبادت گاہوں میں نماز کی ادائیگی کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، جبکہ سرکاری و نیم سرکاری امور اور عدالتی کارروائی بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کے مطابق حساس سکیورٹی اطلاعات کے باعث دفعہ 144 میں توسیع کی گئی ہے۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دفعہ 144 کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔