کسی بھی سمجھوتے کے تحت عمران خان کی رہائی کی سوچ سے اتفاق نہیں کرتا، محمود خان اچکزئی

image

قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے سمجھوتے کے ذریعے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی حاصل کرنے کے تصور سے اتفاق نہیں کرتے۔

میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کے حلقوں میں ایک ایسی رائے موجود ہے جس کے تحت حالات کچھ بھی ہوں یا نئے صوبوں کے قیام کی بات ہو، ہر صورت عمران خان کو باہر نکالنا مقصود ہے، تاہم وہ خود اس حکمتِ عملی کے حامی نہیں ہیں۔

اپنی گفتگو میں محمود خان اچکزئی نے بتایا کہ ان کے اور وزیراعظم شہباز شریف کے مابین بات چیت محض الیکشن کمیشن اور نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملات تک محدود ہونی تھی۔ حکمران حلقوں کے حوالے سے سخت مؤقف اپناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی خطرناک لوگ ہیں جو اپنا مقصد پورا کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں اور بڑے سے بڑا نقصان برداشت کرکے بھی دوسروں سے اپنی شرائط منوا لیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم مسلسل اس بات پر زور دیتے آ رہے ہیں کہ ایسے اقدامات سے عوامی سطح پر ناراضی بڑھے گی، جبکہ ماضی میں لندن کے اندر تمام پاکستانی سیاسی جماعتوں نے مل بیٹھ کر ملک کو چلانے کے اصول طے کیے تھے۔

حکومتی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران دولت اور طاقت کے بل بوتے پر اقتدار میں آئے ہیں اور نہتے نوجوانوں پر براہِ راست گولیاں چلانے سے بھی گریز نہیں کرتے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ڈی چوک کے واقعے میں کیا پیش آیا تھا اور تحریکِ انصاف کے نوجوان کارکنوں کا قصور کیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US