پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی عرب روانہ ہونے والے پاکستانی فوجی دستوں کے اعزاز میں ایک خصوصی الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ پاکستان میں تعینات سعودی سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقامی، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے یہ دستے دونوں ممالک کے مابین طے پانے والے باہمی معاہدوں کے تحت سعودی عرب میں اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔
بیان میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ ان دستوں کی تعیناتی سعودی عرب کی علاقائی سالمیت، خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے، جس سے سعودی افواج کی دفاعی استعداد کار میں مزید اضافہ ہوگا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان حرمین شریفین کے تقدس اور سعودی عرب کے دفاع کو یقینی بنانے کے اپنے عہد پر مکمل طور پر کاربند ہے۔