ڈی جی آئی ایس پی آر نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی کا دورہ کیا، جہاں طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست میں قومی سلامتی، ملکی استحکام اور قومی یکجہتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ قومی اتحاد، ملکی سالمیت کے تحفظ اور دشمن کے منفی پروپیگنڈے کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے نوجوان نسل میں شعور و آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل اور قومی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں، انہیں ملک کی ترقی، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے تعلیمی اداروں میں حب الوطنی، قومی شعور اور ملکی ترقی کے لیے ذمہ دارانہ کردار کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
نشست کے دوران آئی بی اے کراچی کے طلبہ اور اساتذہ نے پاکستان کی خودمختاری، قومی سلامتی اور مفادات کا تحفظ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری قرار دیتے ہوئے دشمن کے منفی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔